کرامت خاتون جنت فاطمہ زہرا رضی الہ عنہا Karamate Fatima
حکایت
ابویعلی نے حضرت جابر سے روایت کی کہ ایک بار نبی ﷺ کے دولت خانہ میں کئی دن کھانا نہ پکا جب بھوک کا غلبہ ہوا تو اپنی ازواج کے گھروں میں تشریف لے گئے مگر کسی کے پاس کچھ نہ پایا ۔پھر حضرت خاتون جنت فاطمہ زہرا رضی اللہ عنہا کے پاس تشریف لائے اور پوچھا کہ گھر میں کچھ کھانے کو ہے عرض کیا نہیں یا رسول اللہ وہاں سے واپس ہی ہوئے تھے کہ کسی ہمسایہ نے حضرت خاتون جنت کی خدمت میں دو روٹیاں اور کچھ گوشت بھیجا ۔ خاتون جنت نے سوچا کہ اگر چہ ہم سب حاجت مند ہیں مگر میں یہ کھانا حضور ﷺ کی خدمت میں پیش کروں گی اس خیال سے وہ کھانا ایک برتن میں رکھ دیا اور حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کو حضور کی خدمت میں بلانے کے لیے بھیجا ۔ حضور تشریف لائے حضرت خاتون جنت نے وہ کھانا پیش کیا ، کھولا تو برتن کھانے سے بھرا پایا ۔ آپ حیران رہ گئے حضور علیہ الصلوۃ والسلام نے پوچھا ۔ "انی لک ھذا" فاطمہ یہ کہاں سے آیا ؟ عرض کیا : "ھو من عند اللہ ان اللہ یرزق من یشاء بغیر حساب " ۔حضور علیہ الصلوۃ والسلام نے تبسم فرمایا اور فرمایا الحمدللہ فاطمہ مریم کے مثل ہے وہ غیبی کھانا پا کر یہی کہا کرتی تھیں پھر وہ کھانا سب گھر والوں نے کھایا اور محلہ میں تقسیم کیا گیا ۔
روح البیان میں کچھ کمی ، بیشی کے ساتھ یہ واقعہ مذکور ہے
( تفسیر روح البیان ج 2 پ 3 ص 224 و معانی )
بحوالہ ( تفسیر نعیمی ج 3پ 3ص 378/377)
از
کلیم الدین مرکزی طرب بہاری



No comments:
Post a Comment